آئین نیشنل پریس کلب
آئین نیشنل پریس کلب رحیم یارخان
7۔ کسی عہدیدار/رکن مجلس عاملہ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جنرل کونسل کے ایک تہائی ارکان تحریری طور پر صدر /جنرل سیکرٹری کو پیش کریں گے۔وصول پانے کے 15 یوم کے اندر صدر/ جنرل سیکرٹری جنرل کونسل کا اجلاس بلاکر رائے شماری کرائے گا/گی۔ (رائے شماری بذریعہ بیلٹ پیپر ہوگی) عدم اعتماد کیلئے جنرل کونسل کے کل ارکان کی دو تہائی اکثریت لازم ہوگی۔ تحریک ناکام ہونے کی صورت میں اس عہدیدار /رکن مجلس عاملہ کے خلاف آئندہ چھ ماہ تک تحریک عدم اعتماد پیش نہیں کی جاسکے گی۔ صدر اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد کی صورت میں رائے شماری کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرنے کا اہل نہ ہوگا۔
8۔ جنرل کونسل کے اجلاس میں ہر رکن اپنا حق رائے دہی ذاتی حیثیت سے استعمال کرے گا۔ بذریعہ ڈاک یا کسی دوسرے رکن کے ذریعے ووٹ نہیں دے سکے گا۔
9۔ ادارہ ہذا کے عہدیداران وممبران مجلس عاملہ کی مدت انتخاب ختم ہونے کے بعد اگر کسی وجہ سے انتخابات بروقت نہ ہوسکیں تو جنرل کونسل سادہ اکثریت سے سات دن کے نوٹس پر ادارہ ہذا کا اجلاس خاص بلائے گی جس کی اطلاع بذریعہ رجسٹری ارکان کو دی جاسکے گی۔ اجلاس میں 3رکنی الیکشن کمیٹی بشمول چیئرمین کا تقرر کیا جائے گا۔ الیکشن کمیٹی ایک ماہ کے اندر انتخابات کرانے کی پابند ہوگی۔ اس دوران ادارہ ہذا کے انتظامات کی نگرانی بھی یہی 3رکنی کمیٹی کرے گی۔ الیکشن سے متعلق جنرل کونسل کے اجلاس خاص کے فیصلے کل ممبران کی سادہ اکثریت سے ہوں گے۔
دفعہ نمبر 11)حصہ الف: انتخابات:
1۔ ادارہ ہذا کے انتخابات ہر دو سال بعد ماہ دسمبر کے آخری عشرہ میں منعقد ہوں گے۔ عہدیداران وممبران مجلس عاملہ کی مدت انتخاب میں توسیع نہیں کی جاسکے گی۔
2۔ مجلس عاملہ مدت پوری ہونے پر ماہ نومبر میں اجلاس منعقد کرکے تین رکنی الیکشن کمیٹی بشمول چیئرمین (جس کا چناؤ ادارہ ہذا کے مستقل ممبران سے کیا جائے گا) کا تقرر کرے گی جو ادارہ ہذا کے آئینی طریقہ کار کے مطابق الیکشن شیڈول جاری کرکے انتخابات کرائے گی۔ مجلس عاملہ الیکشن کمیٹی کو انتخابات کیلئے ضروری وسائل مہیا کرے گی۔
3۔ نئے عہدیداران و اراکین مجلس عاملہ کے انتخابی نتائج کے نوٹیفکیشن کے جراء پر ادارہ ہذا کی سابقہ تنظیم تحلیل ہوجائے گی اور نو منتخب عہدیداران ادارہ ہذا کا انتظام سنبھالیں گے۔
حصہ ب: ضمنی انتخابات:
1۔ ادارہ ہذا کے عہدیداران اور اراکین مجلس عاملہ کے اجتماعی استعفوں یا ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد منظور ہونے کی صورت میں جنرل کونسل سادہ اکثریت سے 3رکنی عبوری کمیٹی بشمول چیئرمین کا تقرر کرے گی۔ جو الیکشن شیڈول جاری کرکے ایک ماہ کے اندر ضمنی انتخابات کرائے گی۔ اس عرصہ میں عبوری کمیٹی ادارہ ہذا کی انتظامیہ کے طور پر کام کرے گی تاہم وہ ادارہ ہذا کے فنڈز استعمال کرنے کی مجاز نہ ہوگی۔