لاہور:پاکستان پریس فاونڈیشن کی طرف سے تین روزہ ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد
لاہور : پاکستان پریس فاونڈیشن کی طرف سے بلاگرز اور ہیومن رائٹس ڈیفنڈرز کے لئے آواری ہوٹل میں تین روزہ سکیورٹی ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر سکیورٹی کنسلٹنٹ سید طاہر محمود نے ٹریننگ کے شرکاء کو اپنی جسمانی اور نفسیاتی سکیورٹی کے علاوہ فیلڈ ورک کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لئے درپیش خطرات کا اندازہ لگانے اور حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کو مستقل عادت بنانے کے لئے تربیتی مشقیں کروائیں۔
انہوں نے شرکاء کو سیلف ڈیفنس اور فرسٹ ایڈ کے حوالے سے بھی عملی تربیت دی اور مختلف واقعات میں دہشت گردوں اور دیگر عناصر کی طرف سے صحافیوں، بلاگرز اور انسانی حقوق کے کارکنوں پر ہونیوالے حملوں کے واقعات کا تجزیہ پیش کرتے ہوئے روز مرہ کی زندگی میں اختیار کئے جا سکنے والے حفاظتی اقدامات سے آگاہ کیا۔
ڈیجیٹل سکیورٹی کے ماہر آصف اقبال نے ٹریننگ کے شرکاء کو اپنے ڈیجیٹل آلات، ڈیٹا اور معلومات کی حفاظت سے متعلق آگاہ کیا اور ہیکرز و ناپسندیدہ عناصر کی جانب سے ہیکنگ، ہراسمنٹ، نقصان اور معلومات کے غلط استعمال سے بچاؤ کے طریقے سکھائے۔
اس ٹریننگ ورکشاپ کا انعقادسول سوسائٹی فار انڈی پینڈنٹ میڈیا اینڈ ایکسپریشنزکے اشتراک سے کیا گیا تھا۔
ٹریننگ ورکشاپ کی کوارڈینیٹرلاریب شیخ تھیں جبکہ شرکاء میں لاہور، فیصل آباد، کراچی، مظفر گڑھ اور دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے صحافی، بلاگرز اور انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والے افراد شریک تھے۔
ٹریننگ کے اختتام پر شرکاء میں پی پی ایف کی طرف سے سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے گئے۔