پی ایف یو جے کی کال پیکا ایکٹ کے خلاف بھوک ہڑتالی کیمپ
رحیم یارخان:ملک کے دیگر شہروں کی طرح رحیم یارخان میں بھی نیشنل پریس کلب کے زیر اہتمام پیکا ایکٹ کے خلاف تین روزہ بھوک ہڑتالی کیمپ کا انعقاد کیاگیا ،کیمپ کے شرکا ء نے پیکا ایکٹ کو صحافیوں کے خلاف کالا قانون اور صحافت پر قدغن قراردیتے ہوئے اسے فوری طورپر کالعدم کرنے کا مطالبہ کیا۔
نیشنل پریس کلب میں منعقد کیے جانے والے بھوک ہڑتالی کیمپ کی قیادت کلب کے صدر فیاض محمود خان نے کی جبکہ اظہار یکجہتی کے لیے ترنڈہ سوائے خان پریس کلب ،راجن پور کلاں پریس کلب ، باغو بہار چولستان میڈیا ہائوس کے عہدیداران اور سول سوسائٹی ممبران نے شرکت کی۔
اس موقع پر صدر نیشنل پریس کلب فیاض خان نے کہاکہ حکومت کی جانب سے پیکا ایکٹ ترمیمی بل کو قانون کی شکل دینا اس بات کی دلیل ہے کہ حکومت کسی بھی طرح میڈیا کو آزاد نہیں دیکھنا چاہتی اور ملک بھر کے تمام صحافی اس پیکا ایکٹ کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور اسکے خلاف صحافی تنظیموں کی قیادت نے رٹ بھی دائر کررکھی ہے امید واثق ہے کہ اس کالے قانون کو واپس لے لیا جائے گا تاہم اسکی واپسی تک ملک بھر کے صحافیوں نے تین روزہ بھوک ہڑتالی کیمپ کا انعقاد کیا ہے ،
انہوں نے کہاکہ پیکا ایکٹ قانون کو فی الفور واپس نہ لیا گیا تو وہ پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا دیں گے۔ بھوک ہڑتالی کیمپ میں صحافیوں کی بڑی تعداد نے اس قانون کی بھرپور مخالفت میں نعرے بازی کی ۔
منعقدہ بھوک ہڑتالی کیمپ میں نیشنل پریس کے صدر فیاض محمود سمیت سینئر نائب صدر بشیراحمد چوہدری، جنرل سیکرٹری نعیم چوہدری، فنانس سیکرٹری محمد فیصل، نائب صدر شاہد جاویدچوہدری، ایگزیکٹو ممبران اللہ نوازخان ، میاں محمد بابر، محمد ظفر، طاہر رحیم ، ندیم پاشا، ترنڈہ سوائے خان پریس کلب کے صحافیوں میں صدر جام ربنواز، جنرل سیکرٹری عمران سہیل رضا، سینئر نائب صدر محمد شاہد خان سولنگی، وائس چیئرمین ملک سلطان خان، نائب صدر رئیس خالد محمود، نائب صدر دوم عبدالستار خان، ڈپٹی جنرل سیکرٹری کاشف حسین ، راجن پور کلاں پریس کلب سے محمد طاہر اسلم ، عاشق حسین جھلن ، مشتاق بھٹی، اشرف بھٹی اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔