نیشنل پریس کلب کے نومنتخب کابینہ کے اعزاز میں تقریب
رحیم یارخان : دنیا بھر میں میڈیا ورکرز صحافت کی جدید ٹریننگز کو اختیار کرچکے ہیں تاہم ایشیائی ممالک خصوصاً پاکستان میں میڈیا ورکرز بہت پیچھے ہیں یہی وجہ ہے کہ نیشنل پریس کلب رحیم یارخان کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کی اولین ترجیح میڈیا ورکرز کو صحافت کی جدید ٹریننگز کروانا اور فلاح وبہبود کے لیے اقدامات اٹھانا ہے۔
ان خیالات کا اظہار نیشنل پریس کلب رحیم یارخان کے نومنتخب صدر فیاض محمود خان ، جنرل سیکرٹری حافظ امجد رسول ، نائب صدر عامر امین ،شاہد جاوید اور ایگزیکٹو ممبر طاہر رحیم نے نومنتخب کابینہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں اسٹیج سیکرٹری کے فرائض نومنتخب نائب صدر دوم شاہد جاوید چوہدری نے سرانجام دیے ،
مقررین نے کہاکہ رحیم یارخان میں صحافت یا صحافیوں کی بین الاقوامی سطح کی تربیت نہیں کی جارہی ،کیپسٹی بلڈنگ ورکشاپس منعقد کی جائیں ،
جدید علوم سے روشناس کرایا جائے کیونکہ دنیا فورجی سے کہیں آگے جاچکی ہے اور پاکستان ابھی تک فورجی سے بھی مستفید نہیں ہوپارہی ،
یہی وجہ ہے کہ رحیم یارخان کے ایسے تمام میڈیاورکرز نے نیشنل پریس کلب پلیٹ فارم کی بنیاد رکھی ہے تاکہ صحافیوں کی فلاح و بہبود سمیت جدید ٹریننگ ورکشاپس کے مواقع فراہم کیے جاسکیں ۔
تقریب میں یہ بھی بتایا گیا کہ صحافیوں کے لیے ہیلتھ انشورنس، مفت تعلیمی سہولیات، سوشل سیکورٹی میں رجسٹریشن ودیگر اہم اقدامات بھی اٹھائے جائیں گے تاکہ صحافت کا شعبہ اختیار کرنے والی نئی نسل اس شعبہ کو مجبوراً نہیں بلکہ شوق سے اختیار کرے اور اپنے اور بچوں کے مستقبل کو روشن بنانے کے لیے فخر سے سینہ تان کر اپنے آپ کو صحافی گردان سکے۔
عہدیداران نے نیشنل پریس کلب رحیم یارخان کا قیام وقت کی اہم ضرورت قراردیتے ہوئے تمام ممبران کو یقین دہانی کرائی کہ بہت جلد ممبرز کے لیے ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کرایا جائے گا ۔
تقریب کے اختتام پر فلسطینی بھائیوں کے لیے اجتماعی دعا مانگی گئی بعدازاں کچہ بھونگ سانحہ میں شہید ہونے والے پولیس کے جوانوں کے لیے بھی دعامغفرت کی گئی۔
نومنتخب کابینہ میں سرپرست اعلیٰ میاں نوید ، چیئرمین عبدالقدوس سرخ پوش، صدر فیاض محمود خان ، جنرل سیکرٹری حافظ امجد رسول، سینئر نائب صدر بشیراحمد چوہدری، نائب صدر اول عامر امین ، شاہد جاوید چوہدری نائب صدر دوم، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری چوہدری محمد نعیم، جوائنٹ سیکرٹری ندیم عباس وڑائچ، فنانس سیکرٹری محمد فیصل، پریس سیکرٹری احمد اشفاق جبکہ مجلس عاملہ میں ڈاکٹر ممتاز مونس، ملک عرفان الحق، محمد عتیق خان، محمد ظفر خلجی، خرم شہزاد، اللہ نوازخان، طاہر رحیم اور میاں محمد بابر شامل تھے۔