رحیم یارخان پریس کلب کی سال 2026 کی باڈی کا متفقہ طور پر اعلان کر دیا گیا
رحیم یارخان پریس کلب کی سال 2026 کی باڈی کا متفقہ طور پر اعلان کر دیا گیا جس میں ڈاکٹر ممتاز مونس صدر، میاں سجاد اسلم جنرل سیکرٹری، فیاض احمد سینیئر نائب صدر، میاں فیصل اور ندیم عباس نائب صدور، نعیم چوہدری ایڈیشنل جنرل سیکرٹری، احمد اشفاق جوائنٹ سیکرٹری، شاہد جاوید چوہدری فنانس سیکرٹری، رانا حمزہ سیکرٹری اطلاعات اور طاہر رحیم آفس سیکرٹری منتخب ہوئے،
اعلان کے بعد کلب ممبران نے ڈھول کی تھاپ پر نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی اور پھولوں کے ہار پہنائے، اس موقع پر صدر ڈاکٹر ممتاز مونس، سینیئر نائب صدر فیاض محمود خان، سرپرستِ اعلیٰ عبد القدوس، جنرل سیکرٹری میاں سجاد اسلم، نائب صدر میاں فیصل اور مدثر وڑائچ نے تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا
کہ پریس کلب کا مقصد ضلع بھر کے صحافیوں کو ایک مضبوط، مثبت اور متحد پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں عامل صحافیوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ، ان کے مسائل کے فوری اور ترجیحی حل، علاقائی مسائل کو اجاگر کر کے اربابِ اختیار تک پہنچانے اور صحافیوں کی تربیت کے لیے پروگراموں کا انعقاد اولین ترجیحات میں شامل ہے،
انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام ممبران اتحاد و اتفاق کے ساتھ پریس کلب کی ترقی اور صحافتی اقدار کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے، تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا
جس کی سعادت فاروق اظہر کمبوہ نے حاصل کی جبکہ نعتِ رسولِ مقبول ﷺ بھی پیش کی گئی، اسٹیج سیکرٹری کے فرائض فنانس سیکرٹری شاہد جاوید چوہدری نے سرانجام دیے اور تقریب میں ضلع بھر سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔




